سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا غزہ کے مکمل محاصرے پر اظہار تشویش

Published On 10 October,2023 09:06 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مکمل محاصرے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ غزہ میں بجلی، ایندھن اور کھانے کی ترسیل بند ہونے سے سنگین صورت حال مزید بگڑ جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں موجود بے یار و مددگار فلسطینیوں کیلئے انسانی امداد نہ روکی جائے، عالمی برادری فوری انسانی امداد کیلئے آگے آئے۔

قبل ازیں اسرائيلی وزير دفاع نے غزہ کے مکمل محاصرے کا حکم دیا تھا جس کے بعد غزہ کی سرحد پر فوج اور ٹینک پہنچا دیے گئے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کے غزہ پر حملے مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہیں جن میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں فلسطینی شہید جبکہ 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔