کینیڈا نے بھارت کے خلاف مزید 3 بڑے ممالک کی حمایت حاصل کرلی

Published On 11 October,2023 09:10 am

اوٹاوا: (دنیا نیوز) سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے معاملے پر امریکہ کے بعد اردن، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ نے بھی کینیڈا کی حمایت کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 6 اکتوبر کو کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے برطانوی ہم منصب رشی سونک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، 8 اکتوبر کو کینیڈین وزیراعظم اور صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید کے درمیان نجر کے قتل کے معاملے پر بات چیت ہوئی جبکہ 9 اکتوبر کو جسٹن ٹروڈو نے اردن کے فرمانروا عبداللہ بن الحسین کی بھی حمایت حاصل کرلی۔

برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں نے بھارت کے خلاف قانونی کارروائی پر زور دیا، برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی پاسداری تمام ممالک پر لاگو ہوتی ہے، شیخ محمد بن زاید نے قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ 21 ستمبر کو کینیڈا نے فائیو آئیز انٹیلی جنس کی مدد سے بھارت کے ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا جس کے بعد سے امریکہ اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک بھارت کے خلاف قانونی کارروائی کی تائید کرچکے ہیں۔