حکمت عملی یا یوٹرن؟ امریکی صدر کا اسرائیل کو غزہ پر قبضہ نہ کرنے کا مشورہ

Published On 16 October,2023 06:55 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) حماس اسرائیل تنازع پر امریکی حکمت عملی یا یوٹرن؟ امریکا کے صدر نے اسرائیل کو غزہ پر قبضہ نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

اپنے ایک انٹرویو میں امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی قبضہ بڑی بھول ہو گی، اسرائیل غزہ پر دوبارہ قبضہ نہ کرے۔

امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ غزہ میں محصور فلسطینی شہریوں کو محفوظ انخلا کا راستہ ملنا چاہیے، اسرائیل کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں، خطے سے حماس کا خاتمہ ضروری ہے۔

دوسری جانب عرب ممالک کا دورہ مکمل کرنے کے بعد مصر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنی گفتگو میں مزید کہا ہے کہ مصر جلد رفاع بارڈر انخلا کیلئے کھول دے گا، غزہ میں پھنسے امریکی شہریوں کو رفاع بارڈر کے ذریعے نکالا جائے گا۔