اسرائیل کی بمباری رک جائے تو حماس یرغمالیوں کو رہا کر دے گا: قطر کا دعویٰ

Published On 27 October,2023 02:41 am

دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کے وزیر مملکت محمد الخلیفی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جاری بمباری رک جائے تو حماس تمام یرغمالیوں کو فوراً رہا کر دے گا۔

برطانوی میڈیا کو دیئے انٹرویو میں قطری وزیر مملکت نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے بہت ہی مشکل مذاکرات ہیں لیکن ہم بخوبی نمٹ رہے ہیں، روزانہ کے حملے اور اموات مذاکرات کو مزید مشکل بنا رہے ہیں، ہمارا ہدف تمام شہری یرغمالیوں کو رہا کروانا ہے۔

محمد الخلیفی نے مزید کہا ہے کہ ہم پرامید ہیں اور پوری کوشش ہے کہ جلد ہی تمام یرغمالیوں کو رہا کروا لیں گے، یرغمالیوں کے رہائی کیلئے فوری جنگ بندی بہت ضروری ہے، قطر اسرائیلی یرغمال شہریوں کے حوالے سے حماس سے بات چیت کی قیادت کر رہا ہے۔