لاہور: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کے فضائی حملے کے نتیجے میں ایک اور صحافی کے 4 بچے اور 4 بھائی اہل خانہ سمیت شہید ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اتوار کو اسرائیلی فوج نے 3 پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کی، المغازی کیمپ پر حملے میں 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں ترک خبر ایجنسی کے فوٹو گرافر محمد علاؤل کے 4 بچے، 4 بھائی اور ان کے بچے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھانے پر نیویارک ٹائمز نے اپنی صحافی سے استعفیٰ لے لیا
وسطی غزہ میں البریج پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے بھی 20 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں، غزہ میں پچھلے کچھ گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 200 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے 270 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 9770 ہو گئی، شہید افراد میں 4880 بچے اور 2550 خواتین شامل ہیں۔