یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق بات چیت جاری، جلد اچھی خبر ملے گی، نیتن یاہو

Published On 21 November,2023 08:14 pm

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، مجھے امید ہے بہت جلد اچھی خبر ملے گی۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ معاہدے کے حوالے سے زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتا، ابھی بات کرنا مناسب نہیں ، جلد اچھی خبر ملے گی۔

چند روز قبل انہوں نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا اسرائیل کم سے کم عام شہریوں کے جانی نقصان کے ساتھ حماس کا صفایا کرنے کی کوشش کررہا ہے، چاہتے تھے غزہ جنگ میں کم سےکم جانی نقصان ہو مگرکامیاب نہیں ہوئے۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا ہم غزہ پر قبضے کا ارادہ نہیں رکھتے، یہ ہمارا مقصد نہیں ہے، ہمارا مقصد غزہ کو عسکریت اور انتہا پسندی سے پاک کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس سے نمٹنے کے لیے دوبارہ کوئی ناکام حکمت عملی نہیں اپنائی جائے گی اور فلسطینیوں کی حماس سے آزادی ہی انہیں حقیقی مستقبل فراہم کرے گی۔