غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھانے والے اسرائیل کے فوجی اہلکار خطرناک بیکٹیریا کا شکار ہونے لگے ہیں۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق جنگ کے دوران ملنے والے غیر معیاری کھانوں اور انہیں محفوظ رکھنے کے غیرمناسب انتظامات کی وجہ سے بہت سے فوجی شیگلا نامی مہلک بیکٹیریا میں مبتلا ہو گئے جس کے باعث اسرائیلی فوجی تیز بخار اور پیچش سمیت مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔
اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی شہری اپنی فوج کیلئے کھانا بھجوا رہے ہیں، شہریوں کا بھیجا کھانا اکثر خراب ہو جاتا ہے جو فوجیوں کی بیماری کا سبب ہے، بیماری میں مبتلا درجنوں فوجی اہلکار اسرائیلی ہسپتالوں میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
اسرائیلی طبی ماہرین کے مطابق بیمار ہونے والے فوجی شیگلا نامی بیکٹیریا سے متاثر ہوئے ہیں، یہ انتہائی خطرناک بیکٹیریا ہے جو کہ تیزی سے فوجیوں کو بیمار کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے یو این او سی ایچ اے کے مطابق جنوبی غزہ میں بھی بڑے پیمانے پر انفیکشنز کا پھیلاؤ ہو رہا ہے، جس میں ایک سے دوسرے کو لگنے والے انفیکشنز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہیضہ اور جِلد کے انفیکشنز کے بھی متعدد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔