مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر فرانس کے صدر قطر پہنچ گئے

Published On 04 December,2023 06:56 am

دوحہ: (دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون قطر پہنچ گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمانوئیل میکرون نے دوحہ میں قطری امیر شیخ تمیم بن احمد الثانی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا، اس کے علاوہ غزہ میں جنگ بندی پر زور دیا گیا۔

واضح رہے کہ عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد گزشتہ دو روز میں اسرائیلی فوج نے خان یونس، جبالیہ کیمپ اور النصر ہسپتال کے اطراف سمیت 400 مقامات پر حملے کر کے 700 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا، شہداء میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہداء کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر چکی جبکہ اب تک زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 40 ہزار سے بڑھ گئی ہے، شہید اور زخمی افراد میں 70 فیصد تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔