اسرائیلی فوج کا جنوبی غزہ کے بڑے شہر خان یونس کے گھیراؤ کا دعویٰ

Published On 06 December,2023 09:05 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل نے تیسرے زمینی آپریشن کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، صیہونی فوج نے جنوبی غزہ کے بڑے شہر خان یونس کے گھیراؤ کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی آرمی چیف ہرزی حلیوی نے خان یونس کے گھیراؤ کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز کے حملے شمالی غزہ کو محفوظ بنانے کیلئے ہیں۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے ترجمان اسامہ حمدان نے کہا کہ مکمل جنگ بندی ہونے تک نہ اسرائیل سے قیدیوں کا تبادلہ ہوگا نہ ہی کوئی بات چیت ہوگی، دوبارہ غزہ پر حملوں کا ذمہ دار اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ہے۔

ترجمان امریکی دفتر خارجہ میتھیو ملر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو بے گھر نہ کیا جائے، ہمارے مطالبے کے باوجود اسرائیلی آباد کار شدت پسند کارروائیوں سے باز نہیں آ رہے، مغربی کنارے میں پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے اسرائیلیوں کیلئے امریکی ویزوں پر پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔

اردن کے دارالحکومت عمان میں شہریوں نے امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کی سرپرستی امریکا کر رہا ہے، مظاہرین نے اردن کے امریکا سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

فلسطینی وزیر صحت نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 15 ہزار 900 فلسطینی شہید اور 40 ہزار900 زخمی ہوئے ہیں، صیہونی فورسز نے مغربی کنارے میں 260 فلسطینیوں کو شہید کیا۔