اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینی طالبعلموں کی تعداد 3700 سے زائد ہو گئی

Published On 15 December,2023 05:09 am

غزہ: (دنیا نیوز) فلسطین میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل نے حملے کر کے 3 ہزار 714 فلسطینی طالب علموں کو شہید کر دیا جبکہ 5 ہزار 700 طالب علم زخمی ہو گئے ہیں۔

فلسطینی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطاق اسرائیل نے 7 اکتوبر سے اب تک حملے کر کے غزہ میں 3 ہزار 679 اور مقبوضہ مغربی کنارے میں 35 طالبعلموں کو شہید کر دیا ہے، اس کے علاوہ غزہ میں 209 اساتذہ اور سکول انتظامیہ کے متعدد عہدیدار اسرائیلی حملوں میں جام شہادت نوش کر چکے ہیں اور 619 زخمی ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں دو اساتذہ زخمی ہوئے جبکہ 65 کو گرفتار کیا گیا ہے، غزہ میں شہید فلسطینیوں میں 70 فیصد سے زیادہ خواتین اور بچے ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار 787 ہو گئی جبکہ 50 ہزار 897 افراد زخمی ہیں۔