امریکہ، کینیڈا اور سپین میں فلسطینیوں کے حق میں ریلیاں

Published On 17 December,2023 09:53 am

نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں اسرائیلی مظالم کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

غزہ پر اسرائیلی فورسز کے مظالم اور بچوں، عورتوں کی چیخ و پکار نے عالمی برادری کو جھنجھوڑ کے رکھ دیا ہے، دنیا بھر میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف لوگ سراپا احتجاج ہیں، اس سلسلے میں امریکہ، کینیڈا اور سپین میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

امریکہ
نیو یارک میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج ہوا جس میں مظاہرین نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے قتل عام میں امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کے خونی ہاتھ ملوث ہیں، مظاہرین نے نیتن یاہو اور امریکی صدر جو بائیڈن کی تصاویر والے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

کینیڈا
کینیڈا میں مظاہرین نے فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے فلسطین کے جھنڈے اٹھا کر آزاد، آزاد فلسطین کے نعرے لگائے۔

مظاہرین نے مغربی فیشن برانڈز کی اشتہاری مہم کے خلاف بھی نعرے بازی کی، اشتہاری مہم میں مجسموں کو سفید ملبوسات میں دکھایا گیا تھا جو غزہ میں شہدا کے کفن سے ملتے جلتے ہیں۔

سپین
سپین میں شہریوں نے فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی، بارسلونا میں ہزاروں شہری مظلوم فلسطینیوں کے حق میں سٹرکوں پر نکل آئے۔

مظاہرین نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے متاثر ہونے والے فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی کیا اور مطالبہ کیا کہ غزہ کو اسرائیل کے حملوں سے بچایا جائے اور آزاد کیا جائے۔