صنعا: (دنیا نیوز) یمن کے حوثیوں کی جانب سے اسرائیل کے شہر اور بحری بیڑے پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی گئی ہے۔
صنعا میں پریس کانفرنس کرتے ہوڑے ترجمان حوثی افواج یحییٰ ساریہ نے کہا ہے کہ حوثیوں نے اسرائیلی شہر اور بحری بیڑے پر حملے کیے، ہم ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں، حوثیوں نے اسرائیلی شہر ایلات سمیت بحیرہ احمر میں ایم ایس سی جہاز کو بھی نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی ساحل کے قریب سمندر میں جاپانی ٹینکر پر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی تھی جبکہ جہاز کا عملہ محفوظ رہا، جہاز پیر کو ممبئی کے ساحل کے قریب پہنچا جہاں بھارتی نیوی ٹیم نے معائنے کے بعد ٹینکر پر ڈرون حملے کی نشاندہی کی۔
امریکا کی جانب سے جاپانی ٹینکر پر حملے کا الزام ایران پر عائد کیا گیا جبکہ ایران نے حملے کے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹینکر کو نشانہ بنانے کا الزام بے کار ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں، ایسے الزامات لوگوں کی توجہ ہٹانے اور غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کی امریکی حمایت پر پردہ ڈالنے کیلئے ہیں۔
واضح رہے کہ جاپانی ٹینکر پر حملہ ایسے وقت کیا گیا جب یمنی حوثی بحیرہ احمر میں ڈرون اور میزائل حملے کر رہے ہیں، حوثیوں کے حملوں کے باعت زیادہ تر کارگو جہاز افریقا کے جنوبی سرے سے گزر رہے ہیں۔