غزہ : (ویب ڈیسک ) مغربی کنارے میں اسرائیل کے ڈرون حملے میں 6 فلسطینی شہید ہو گئے، طولکوم میں اسرائیلی فوج کا بڑا آپریشن جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں زمینی آپریشن کرنے والی اسرائیلی فوج پر فلسطینی مزاحمتی گروپس نے حملے کیے ہیں ، فلسطینی مزاحمت کاروں نے بھی جوابی وار کیے، متعدد اسرائیلی فوجی گاڑیاں تباہ کیں۔
اسرائیلی ٹینکوں پر راکٹوں سے حملے کیے گئے، آئی ای ڈیز سے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیل نے اپنے 3 فوجی ہلاک اور 9 کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل سے 1 ٹرک میں 80 فلسطینیوں کی لاشیں جنوبی غزہ لائی گئیں ہیں، تمام شہداء کی رفح میں اجتماعی تدفین کر دی گئی ہے، فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ لاشوں کی بے حرمتی کی گئی ہے، لاشوں سے اعضاء بھی چرائے گئے ہیں۔
فلسطینی حکام کی جانب سے لاشیں کن فلسطینیوں کی ہیں اور وہ کیسے مرے، اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ کے رہائشی علاقوں پر حملے تیز کردیے ، ظالم فوج نے خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ فلسطینی ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر پر بھی بم باری کی ، تازہ حملوں میں مزید 241 فلسطینی شہید اور 382 زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہدا کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 54 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، شہداء میں 8 ہزار کے قریب بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔