سیئول : (ویب ڈیسک ) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک 2024 میں مزیدتین فوجی جاسوس سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گا اور مزید جوہری ہتھیار بنائے گا۔
خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما نےاعلان کیا ہے کہ صورت حال کا تقاضا ہے کہ ہم بھرپور دفاعی صلاحیتوں کے حصول اور دشمنوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کو کچلنے کے لیے ہمہ گیر اور مکمل فوجی تیاری پر کام تیز کریں۔
انہوں نے ورکرز پارٹی کے اجلاس کے اختتام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر جنگی تیاریوں کی سخت ضرورت پر زور دیا۔
کم جونگ اُن نے کہا کہ دشمنوں کی جانب سے ہم پر حملہ کرنے کے اندھادھند اقدامات کی وجہ سے جزیرہ نما کوریا میں کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ وہ 2024 میں ملک کی جوہری صلاحیتوں کو بڑھانے سمیت جنگ کے لیے جدید ترین بغیر پائلٹ آلات مثال کے طور پر مسلح ڈرونز اور الیکٹرانک جنگ کے طاقتور آلات متعارف کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
شمالی کوریا کے رہنما نے اپنی تقریر میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور ترقی میں تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے ملک کی جوہری صلاحیتوں کو جدید بنانے پر مسلسل توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ۔
شمالی کوریا نے گزشتہ سال ریکارڈ تعداد میں ہتھیاروں کے تجربات کیے ہیں۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا نے سن 2006 میں اپنے جوہری ہتھیاروں کا پہلا تجربہ کیا تھا، جس کے رد عمل میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کیں، جن میں اس سے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگراموں کو روکنے کا بھی مطالبہ شامل تھا۔