جنوبی لبنان: اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر وسام الطویل شہید

Published On 09 January,2024 06:46 am

بیروت: (ویب ڈیسک) جنوبی لبنان میں اسرائیلی فورسز نے فضائی حملہ کر کے حزب اللہ کے سینئر کمانڈر وسام الطویل کو ساتھی سمیت شہید کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے وسام الطویل کی گاڑی کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے گاؤں جا رہے تھے، کار میں ان کے ایک ساتھی بھی موجود تھے، حملے کے بعد کار میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کا الاقصیٰ شہدا ہسپتال پرحملہ ، 600 سے زائد مریض اورعملہ لاپتا

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا لبنان میں کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر حزب اللہ کے اہم کمانڈر کی کار کو نشانہ بنایا گیا، حزب اللہ نے بھی فضائی حملے میں وسام الطویل کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سینئر کمانڈر وسام ایلیٹ رضوان فورس میں نائب سربراہ کے عہدے پر فائز تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حزب اللہ کو حماس سے سبق حاصل کرنا چاہئے: نیتن یاہو

واضح رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کا ذمہ دار حزب اللہ کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا جواب لبنان میں دیا جائے گا، ایک ماہ خاموشی کے بعد تازہ کارروائی سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں کے نئے آغاز کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔