ترکیہ کی کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان اور ایران کو بھرپور تعاون کی پیشکش

Published On 18 January,2024 07:07 pm

انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ نے کشیدگی میں کمی کے لئے پاکستان اور ایران کو بھرپور تعاون کی پیشکش کر دی۔

ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان نے پاکستانی اور ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، خطے میں مزید کشیدگی پیدا کرنے سے گریز اور اعتدال پسندی کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی۔

خاقان فیدان نے کہا کہ ہم پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی نہیں چاہتے، ایران اور پاکستان خطے میں کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتے، فریقین جلد از جلد امن کو بحال کریں، ترک وزیر خارجہ نے دوستی، بھائی چارے اور قومی خودمختاری کے احترام کے اصولوں پر زور دیا۔

ترک وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تمام معاملات کو بات چیت اور تعاون کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جائے، کسی بھی کشیدگی سے گریز کیا جائے جو علاقائی سلامتی اور استحکام کے لئے خطرہ بن سکتا ہے۔