ریڈ کراس نے اسرائیلی جنگی قیدیوں کوادویات فراہمی کی درخواست کی تھی : حماس

Published On 18 January,2024 09:24 am

غزہ : (ویب ڈیسک ) حماس کے مرکزی رہنما اور مذاکرات کار موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ ریڈ کراس نے حماس کے پاس اسرائیلی جنگی قیدیوں کو ادویات کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موسیٰ ابومرزوق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حماس کی قید میں موجود اسرائیلی قیدیوں کے لیے 140 قسم کی ادویات دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ادویات کی فراہمی کیلئے ہم نے متعدد شرائط رکھیں، اسرائیلی قیدیوں کیلئے دوائی کے ہر ڈبے کے بدلے ہمارے لوگوں کیلئے دوائیوں کے ایک ہزار ڈبے دینے ہوں گے۔

موسیٰ ابومرزوق کا مزید کہنا تھا کہ جس ملک پر ہم بھروسہ کرتے ہیں صرف اس کے ذریعے دوا فراہم کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ قطر اور فرانس کی ثالثی میں ہونے والے ایک معاہدے کے بعد بدھ کے روز غزہ میں اسرائیلی یرغمالوں اور فلسطینی شہریوں کے لیے امداد کو مصر پہنچا دیا گیا تاکہ اسے سرحد پار منتقل کر دیا جائے ۔

دوسری جانب امدادی اداروں نے کہا ہے کہ اسرائیل کی فوجی مہم کے باعث غزہ کی پوری آبادی ایک بحران کی سطح پر بھوک کا سامنا کر رہی ہے اور رسد کی قلت کی وجہ سے وہاں بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے ۔