کینیا :نیروبی میں گیس دھماکے سے 3 افراد ہلاک، 250 سے زائد زخمی

Published On 02 February,2024 11:08 am

نیروبی : (ویب ڈیسک ) کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں گیس دھماکے سے 3 افراد ہلاک جبکہ 250 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ایمباکاسی ضلع کے ایک پلانٹ میں گیس سلنڈروں کو ری فل کیا جا رہا تھا کہ دھماکا ہوگیا۔

اس حوالے سے کینیا کے ریڈ کراس نے کہا کہ 271 افراد کو نیروبی کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے جبکہ 27 افراد کو جائے وقوعہ پر طبی امداد فراہم کی گئی، مقامی خبررساں ادارے کے مطابق زخمیوں میں 25 بچے بھی شامل ہیں جنہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے ۔

حکومتی ترجمان اسحاق موورا نے ایک بیان میں بتایا کہ دھماکا ایمباسی میں کبنسورا کے قریب کینٹینرز کمپنی لمیٹڈ میں ہوا، گیس سلنڈروں کو ری فل کیا جا رہا تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی اور اس سے کئی لوگ زخمی ہوئے جنہیں ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی عمارت کو دھماکے کے نتیجے میں بری طرح نقصان پہنچا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس علاقے میں جانے سے گریز کریں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آگ کئی اپارٹمنٹ کمپلیکس تک پھیلی جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ، دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں کی جاسکی  اس حوالے سے  تحقیقات جاری ہیں۔