سعودی عرب: عالمی جوہری توانائی ایجنسی کیساتھ معاہدے کی منظوری

Published On 07 February,2024 05:30 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

سعودی عرب کی کابینہ کا اجلاس خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا، کابینہ کے شرکاء کو امیر کویت کے دورے اور ولی عہد مملکت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا گیا۔

سعودی کابینہ کے اجلاس میں متعدد امور کی منظوری دی گئی جن میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ معاہدے کی منظوری بھی شامل ہے، اس ضمن میں سعودی وزیر خارجہ کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ خود یا ان کا نائب قانونی کارروائی مکمل کرے یا اس کا اختیار تفویض کرے۔

وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں مملکت اور مختلف ممالک کے مابین ہونے والے مذاکرات اور درپیش عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے قائم کیے جانے والے اسلامی عسکری اتحاد کے وزرائے دفاع کی کونسل کے دوسرے اجلاس کے نتائج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔