غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں فلسطین کے ایک معروف فنکار علاء قدوحہ اپنے خاندان سمیت جاں بحق ہو گئے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی غزہ کے نصیرات کیمپ میں فلسطینی فنکار علاء قدوحہ کے گھر پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود وہ اور ان کے اہل خانہ کے افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فورسزنے نہتے فلسطینیوں پرقیامت ڈھا دی، مزید67 فلسطینی شہید
یاد رہے کہ علاء قدوحہ ایک فلم میں ’جنرل موشے‘ کا کردار ادا کرنے کی وجہ سے مشہور ہوئے جس کے بعد انہیں ’جنرل موشے‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، شہید فلسطینی اداکار کا شمار ٹک ٹاک پلیٹ فارم پر سب سے مشہور فنکاروں میں ہوتا تھا، وہ "اسرائیلی افسر" کے طور پر کئی مناظر میں نظر آئے اور متعدد فلسطینی ڈراموں میں کردار ادا کیا۔
جنرل موشے
مقتول فلسطینی فنکار قدوحہ 2023ء میں "اسرائیلی جنرل موشے" کے کردار کو مجسم کرنے کیلئے مشہور ہوئے اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ٹک ٹاک" پر ایک مختصر ویڈیو نشر کرنے کے بعد عرب دنیا میں ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک مصری فوجی کے مارے جانے کے بعد لوگ "اسرائیلی جنرل موشے" کی ویڈیوز کی طرف متوجہ ہوئے، یہ فوجی غلطی سے کسی مجرمانہ عنصر کا پیچھا کرنے کیلئے سرحد سے پار چلا گیا تھا۔