جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے رفح پر جنگی یلغار کی تو اس سے موت کا ایسا طوفان اٹھے گا کہ وہاں انسانی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں مکمل طور پرختم ہو جائیں گی۔
عرب میڈیا کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے اجلاس میں رفح کا ذکر کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت وہاں14 لاکھ بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں مگر اسرائیل کی جانب سے بھر پور جنگی قوت سے نشانہ بنانے کا اعلان کیاگیاہے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس اسرائیلی جارحیت سے نہ صرف 14 لاکھ فلسطینی پناہ گزین خوفزدہ ہوں گے بلکہ یہ امدادی کارروائیوں کے ہمارے پروگراموں کے تابوت میں بھی آخری کیل ثابت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں :حماس اسرائیل جنگ بندی معاہدہ آئندہ ہفتے ہو سکتا ہے : جوبائیڈن
انہوں نے اپنی اپیل دہرا تے ہوئے کہا کہ انسانی بنیادوں پرفوری جنگ بندی کی جانی چاہیے، انہوں نے انسانی حقوق کمیشن کے ورکنگ اور طریق کار کو بھی مزید بہتر اور موثر بنانے کے لیے زور دیا ۔
انتونیو گوتریس کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ رفح پر حملہ اسرائیلی فتح کے لیے ضروری ہے، اسی صورت میں ہم حماس کا خاتمہ کر سکیں گے۔