لندن (ویب ڈیسک )تائیوان کی ایئرلائن ایوا ایئر کی پرواز کے دوران مسافر کی خودکشی کی کوشش کے بعد طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنکاک سے لندن جانے والی ایوا ایئر BR67 کی پرواز نے لینڈنگ شروع ہی کی تھی کہ فلائٹ اٹینڈنٹ نے غور کیا کہ ایک مسافر سیٹ پر موجود نہیں ہے۔
طیاروں کی لینڈنگ کے وقت مسافروں کا سیٹ پر موجود ہونا ضروری ہوتا ہے، جب عملے نے دیکھا کہ سیٹ خالی ہے تو انہوں نے باتھ روم کی جانب رخ کیا جہاں مسافر نے خود کو بند کر رکھا تھا۔
جہاز کے عملے نے سخت جدوجہد کے بعد باتھ روم کا دوازہ کھولا تو مسافر کو تشویشناک حالت میں پایا اور دیکھا کہ مسافر کو چوٹیں آئی ہیں جس کے بعد فلائٹ اٹینڈنٹ اور آن بورڈ ڈاکٹرز نے طبی امداد فراہم کی۔
ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی اور مسافر کو ہسپتال لے جایا گیا۔
ایوا ایئر کی جانب سے مسافر کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی مسافر کو آنے والے چوٹ کی نوعیت یا لینڈنگ کی تفصیلات کے بارے میں کچھ بتایا گیا ہے۔
واضح رہے طیاروں کی تفصیلات بتانے والی ویب سائٹ ’فلائٹ اویئر‘ کے مطابق طیارہ مقررہ وقت سے 17 منٹ پہلے شام 7 بج کر 3 منٹ پر ہیتھرو ایئرپورٹ پر اترا تھا۔