نئی دہلی : (دنیانیوز) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی مسلسل چوتھے سال بھی فضائی آلودگی میں دنیا بھر میں سر فہرست ہے ۔
دکن ہیرلڈ کی رپورٹ کے مطابق ”نئی دہلی کی آب و ہوا کی شفافیت کا پیمانہ 2022میں 89.1 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر تھا جبکہ 2023 میں یہ پیمانہ 92.7 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک بڑھ گیا“ ۔
بلومبرگ نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ”بھارت پوری دنیا میں فضائی آلودگی میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ نئی دہلی فضائی آلودگی میں دنیا کا سب سے آلودہ اور گندا ترین شہر قرار دیا گیا“۔
نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونے سے بچوں کا تدریسی نظام درہم برہم ہو گیا ہے، فضائی آلودگی کے باعث بھارتی دارالحکومت میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
بھارت کی فضائی آلودگی نے ہمسایہ ممالک بالخصوص پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، فضائی آلودگی کے باعث لوگوں میں گلے کی بیماریاں عام ہو گئی ہیں اور سانس لینا بھی دشوار ہو گیا ہے۔