اسرائیل کا غزہ میں اقوام متحدہ کے کیمپوں پر10واں حملہ، یورپی یونین کا ردعمل

Published On 27 May,2024 12:41 pm

غزہ : (ویب ڈیسک ) اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اقوام متحدہ کے کیمپوں پر دسواں حملہ کیا گیا ، رفح میں موجود پناہ گزین کیمپ میں بمباری سے دسیوں افراد زندہ جل گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق 24 گھنٹوں میں اسرائیل کے حملوں میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے ہاؤسنگ نے اسرائیل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا، یو این کے نمائندے نے کہا کہ رفح کی پناہ گاہوں میں خواتین اور بچوں پر حملہ کرنا بھیانک ظلم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:رفح : پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 75 سے زائد فلسطینی شہید

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات کو روکنے کے لیے اب مشترکہ عالمی کارروائی کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین کے فارن پالیسی چیف جوزف بوریل نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو نظر انداز کر رہا ہے۔

جوزف بوریل کاکہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔

 واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 36ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔