بھارت : لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل

Published On 01 June,2024 10:47 am

نئی دہلی : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) بھارت کے18ویں لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں ووٹنگ کل عمل مکمل ہو گیا جبکہ وزیراعظم کی قسمت کا فیصلہ بھی آج ہوگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 8 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی57 پارلیمانی نشستوں اور اوڑیسا اسمبلی کی42 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔

10 کروڑ سے زائد ووٹرز 904 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے، وزیراعظم نریندر مودی، لالو پرساد کی بڑی بیٹی، اداکارہ کنگنا رناوت اور دیگر اہم رہنماؤں کی قسمت کا فیصلہ بھی انہی انتخابات میں ہوگا۔

بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش میں ساتویں مرحلے میں 80 میں سے 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔

وارانسی سب سے ہائی پروفائل حلقہ ہے جہاں سے نریندر مودی مسلسل تیسری بار پارلیمنٹیرین کے طور پر انتخاب لڑ رہے ہیں ، ان کا مقابلہ اتر پردیش کانگریس کے سربراہ اجے رائے سے ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق  اقتدار میں شامل  دو اہم جماعتیں، وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ  جنتا پارٹی (بی جے پی) اور انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) ہیں، جو 26 جماعتوں کا اتحاد ہے، جس کی قیادت مرکزی اپوزیشن پارٹی راہول گاندھی کی انڈین نیشنل کانگریس کررہی ہے۔

 ووٹنگ کا عمل ختم ہوتے ہی گزشتہ تقریباً ڈھائی ماہ سے جاری انتخابی سرگرمیاں بھی ختم ہوگئیں ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انتخابات کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔