تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے غزہ سے حراست میں لیے گئے55 فلسطینیوں کو رہا کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں حراست میں لیے گئے 55 فلسطینیوں کو رہا کردیا ہے جس میں الشفاء ہسپتال کے ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ محمد ابو سلمیہ کو اسرائیلی فوج نے گزشتہ برس نومبر میں الشفاء اسپتال پر چھاپے دوران حراست میں لیا تھا جنہیں اب چھوڑ دیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہےکہ حماس ہسپتال کی سہولیات کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے اور اس نے اسپتال کو ایک ٹنل کی شکل دی ہوئی ہے تاہم ابو سلمیہ اور ہسپتال کے دیگر اسٹاف نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
جنوبی غزہ کے النصیر ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بھی ابو سلمیہ کی رہائی کی تصدیق کی اور بتایا کہ 5 افراد کو النصیر ہسپتال اور دیگر کو الاقصیٰ شہید ہسپتال سے حراست میں لیا گیا تھا۔
فلسطینی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ اسرائیلی فوج نے چھاپوں کے دوران کئی ہسپتالوں کو ڈرامائی انداز میں بند کرنے پر مجبور کیا اور سروسز بھی بند کردیں۔