نیویارک: (دنیا نیوز) امریکا میں مسلح افراد نے پارٹی کے شرکاء پر فائرنگ کر کے 4 افراد کو ہلاک جبکہ 3 کو زخمی کو دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ امریکی ریاست کینٹکی کے شہر فلورنس میں پیش آیا جہاں واقع ایک گھر میں برتھ ڈے پول پارٹی چل رہی تھی کہ اس دوران مسلح شخص نے شرکاء پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے 4 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 3 شدید زخمی ہوئے ہیں۔
فائرنگ کرنے والا حملہ آور فرار ہونے کی کوشش کے دوران کار حادثے میں مارا گیا، واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، علاقے کی ناکہ بندی کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔