نو منتخب ایرانی صدر کا پہلا فیصلہ، جواد ظریف عبوری کونسل کے سربراہ مقرر

Published On 13 July,2024 11:31 am

تہران : (ویب ڈیسک ) ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان نے پہلا باضابطہ فیصلہ کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کے مشیر اور سابق ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کو چودھویں حکومت کے عبوری مرحلے کے لیے رہنما کونسل کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ محمد جواد ظریف نے مذکورہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے "ایکس" پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ پر لکھا کہ دوستو، براہ کرم حکومت کے ارکان کی تقرری کے بارے میں افواہوں اور خبروں پر توجہ مت دیں، عبوری دور کے لیے سٹیئرنگ کونسل وزراء کو نامزد کرے گی اور منتخب صدر کو حکومت کے سینئر اراکین کے انتخاب کے لیے مشورے فراہم کرے گی جسے وہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں بھی پیش کریں گے۔

سابق اصلاح پسند ایرانی صدر محمد خاتمی کی جانب سے وزرا کی تقرری کے لیے دباؤ ڈالنے کی خبروں کے جواب میں جواد ظریف نے اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ افواہیں خاتمی کی فیاض شخصیت سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

ظریف نے مزید کہا کہ کل ایک دعوت نامہ بھیجا گیا تھا، کمیٹیوں کے سربراہان کام کا طریقہ کار معلوم کرنے کے لیے کل مجھ سے ملاقات کریں گے اور اگلے ہفتے کمیٹیوں کے ارکان ڈاکٹر پزیشکیان سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کی حکومت کی ترجیحات سنیں۔ اس کے بعد امیدواروں کی جانچ کا عمل پوری شفافیت کے ساتھ شروع ہو جائے گا اور ان شاء اللہ جولائی کے آخر تک ختم ہو جائے گا۔

جواد ظریف نے پزشکیان کی انتخابی مہم میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ کسی بھی عہدے کو قبول نہیں کرینگے، میڈیا ذرائع نے رپورٹ کیا ہے کہ جواد ظریف کا عہدہ قبول کرنا ان کے پرانے بیان کی مخالفت ہے لیکن اب وہ اس کونسل کے سربراہ ہیں جو منتخب ایرانی صدر کی تصویر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔