کینیڈا کی پہلی اور دنیا کی دوسری خاتون آرمی چیف نے فوج کی کمان سنبھال لی

Published On 20 July,2024 11:21 am

اوٹاوا: (ویب ڈیسک ) کینیڈا کی پہلی اور دنیا کی دوسری خاتون آرمی چیف جنرل جینی کیرینیاں نے فوج کی کمان سنبھال لی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 56 سالہ جنرل جینی کیرینیاں نے جمعرات کو ایک تقریب میں کینیڈا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کا عہدہ سنبھالا جس کے بعد وہ کینیڈا کی مسلح افواج کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

جینی کیرینیاں کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے 1990 میں فوج میں شمولیت اختیار کی ، جینی کیرینیاں نے فوجی انجینئر کی حیثیت سے کیریئر کا آغاز کیا، اپنے 35 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے افغانستان، بوسنیا،عراق اور شام میں فوجیوں کی قیادت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرینیاں نے اوٹاوا میں کینیڈین وار میوزیم میں منعقدہ تقریب کے دوران کہا، ’میں خود اس کثیر الجہتی چیلنج کو سنبھالنے کے لیے تیار اور مستعد محسوس کرتی ہوں، یوکرین اور مشرق وسطیٰ میں تنازع، دنیا کے دیگر حصوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگیاں، موسمیاتی تبدیلییاں اور ہمارے جمہوری اقدار اور اداروں کو لاحق خطرات کچھ پیچیدہ چیلنجز ہیں جن کا ہمیں مقابلہ کرنا ہو گا۔

جنرل جینی کیرینیاں کو جنرل وین ایئر کی جگہ چیف آف ڈیفنس سٹاف کا عہدہ دیا گیا ہے ، جو 2021 سے اعلیٰ فوجی کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

جنرل کیرینیاں دنیا کی دوسری آرمی چیف

واضح رہے کہ جینی کیرینیاں  نے دنیا کی دوسری خاتون آرمی چیف بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے ، اس سے قبل  دنیا کی پہلی آرمی چیف ہونے کا اعزاز یورپی ملک سلووینیا کی جنرل الینکا ایرمینچ کے پاس ہے جو 2018 میں ملک کی مسلح افواج کی سربراہ مقرر ہوئی تھیں۔

سلووینیا ایک چھوٹا سا ملک ہے جس کی آبادی 21  لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اوراس کی  فوج کی تعداد صرف ساڑھے سات ہزار ہے۔
 







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے