واشنگٹن : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) امریکا کی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فاکس نیوز پر مباحثے کی پیشکش مسترد کردی ہے جس سے صدارتی مباحثہ ہونے کا امکان ہی تقریبا ختم ہوگیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کملا ہیرس نے مباحثے کی پیشکش ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اے بی سی نیوز پر مباحثے سے انکار کے بعد مستردکی ہے۔
کملا ہیرس نے کہا کہ وہ 10 ستمبر کو اس مباحثے کیلئے موجود ہوں گی جو ڈونلڈ ٹرمپ طے کرچکے ہیں تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ صرف 4 ستمبر کو فاکس نیوز پر پنسلوینیا میں کملا ہیرس سے مباحثے کیلئے تیار ہیں۔
اگر کملا نے فاکس نیوز پر سابق امریکی صدر اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے مباحثہ نہ کیا تو پھر شاید اس مرتبہ صدارتی مباحثہ ہوگا ہی نہیں۔
نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن کے لیے جو بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان پہلا مباحثہ جون کے مہینے میں ہوا تھا جس میں صدر بائیڈن کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی جس کے بعد انہوں نے انتخابات سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا اور کملا ہیرس کو ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
امریکی صدارتی انتخابات کے دوران امیدواروں کے درمیان مباحثہ سالوں سے ہی ایک روایت رہی ہے، امریکی صدارتی انتخابات کے دوران سب سے پہلا مباحثہ (ڈیبیٹ) سال 1960 میں رچرڈ نکسن اور جان ایف کینیڈی کے درمیان ہوا تھا۔