واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی انتخابی مہم چلانے والے عملے نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی اُمیدوار بننے کے بعد سے ایک ہفتے کے دوران 20 کروڑ ڈالر جمع کیے گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کملا ہیرس کے عملے کی جانب سے یہ بتایا گیا ہے کہ اس مہم میں 170،000 نئے رضاکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔
امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی انتخابی مہم کی ڈپٹی منیجر روب فلہرٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس) پر لکھا کہ جس ہفتے ہم نے (مہم کا) آغاز کیا کمیلا ہیرس نے 20 کروڑ ڈالر اکٹھے کر لیے ہیں جن میں سے 66 فیصد رقم نئے عطیہ دہندگان کی جانب سے ملی ہے، ہم نے 170،000 نئے رضاکاروں کو سائن اپ کیا ہے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ٹیم نے کہا تھا کہ انہوں نے دوسری سہ ماہی میں 33 کروڑ 10 لاکھ ڈالر اکٹھے کیے، جو کہ جو بائیڈن کی انتخابی مہم اور ان کے ڈیموکریٹک اتحادیوں کے اسی عرصے میں جمع کیے گئے 26 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔
کملا ہیرس کی بطور ڈیموکریٹک پارٹی امیدوار کی نامزدگی کو سابق سپیکر نینسی پلوسی سمیت کئی رہنماؤں نے اور ووٹروں نے مہم کے لیے عطیات سے اُن کی حمایت کی۔
صدر جو بائیڈن کے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد نامزدگی حاصل کرنے والی کملا ہیرس نے الیکشن میں ڈیموکریٹس کی جیت کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔
امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اعتراف کیا ہے کہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینا ایک مشکل مرحلہ ہوگا لیکن یہ نئی صدارتی مہم ری پبلکن امیدوار کے ’بے دریغ جھوٹ‘ پر غالب ہو گی۔
خیال رہے کہ امریکہ کی نائب صدر بننے سے قبل کملا ہیرس کیلیفورنیا ریاست کی چیف پراسیکیوٹر کے طور پر کام کر چکی ہیں، کملا ہیرس کو ایک ایسے حریف کا سامنا ہے جو 2016 میں صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی دوبارہ منتخب ہونے کی مہم چلاتے آئے ہیں۔