بھارتی ریاست تریپورہ میں بارشوں نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک

Published On 22 August,2024 08:45 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تریپورہ میں طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 10 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تریپورہ میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال ہے اور نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، یلاب کے باعث مختلف واقعات میں 12 سالہ بچی سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز سیلابی صورتحال کے باعث 8 اضلاع سے34 ہزار افراد اپنے گھر چھوڑ کر شیلٹر کیمپس میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ سیلاب سے ایک ہزار کے قریب گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

انتظامیہ نے مزید بتایا کہ سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے سفری آمدورفت میں بھی خلل آیا ہے جبکہ ٹرین کی پٹریاں سیلابی پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ٹرین کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے۔