واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کا نواں دورہ بھی مکمل کر کے واپس چلے گئے لیکن غزہ جنگ بندی معاہدے پر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔
واشنگٹن روانہ ہونے سے پہلے انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیل اختلافات کم کرنے والی امریکی تجویز کی حمایت کرتا ہے اگر حماس تجویز کو قبول کرتا ہے تو معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق کسی واضح مفاہمت پر کام کریں گے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق فریقین کے درمیان مذاکرات کا نیا دور رواں ہفتے متوقع ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی غزہ شہر پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، اقوام متحدہ کے پناہ گاہ سکول پر بھی بم برسا دیئے گئے جس سے متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں، اسرائیلی فوج نے لبنان کے علاقے صیدا میں ڈرون حملہ کیا جس میں الاقصیٰ بریگیڈ کا کمانڈر شہید ہوگیا۔