دوحا: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بیانات کے باوجود اسرائیل غزہ سے فوج کے انخلا پر تیار ہے۔
قطر سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچنے کیلئے دوحا میں ہونے والے مذاکرات میں غزہ سے اسرائیلی ڈیفنس فورس کے انخلا پر اتفاق کیا گیا تھا۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے غزہ سے انخلا کے شیڈول اور مقام کے تعین سے متعلق معاہدہ بلکل واضح ہے اور اسرائیل نے اس پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ ہفتے مذاکرات میں طے پانے والے نکات سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا تاہم انہوں نے بتایا تھا کہ جنگ بندی معاہدہ تیار کرلیا گیا ہے جس پر تین مراحل میں عملدرآمد کیا جائے گا اور غزہ سے اسرائیلی ڈیفنس فورس کا انخلا بھی ان میں شامل ہے۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے ملاقات کے دوران انہیں امریکا کے تجویز کردہ جنگ بندی معاہدے پر رضامندی سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔