ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے غزہ کے سیف زون میں اسرائیلی بمباری قابل مذمت قرار دیدی۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ کے علاقے المواصی خان یونس میں سیف زون کو ٹارگٹ کر کے بمباری کرنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی ہے۔
واضح رہے اسرائیلی فورسز نے منگل کے روز غزہ کے ان علاقوں کو بھی ایک بار پھر بمباری کا نشانہ بنایا جنہیں غیر مسلح لوگوں کا علاقہ کہا جاتا ہے اور اسرائیلی فوج اور بین الاقوامی اداروں نے اسے سیف زون قرار دے رکھا ہے، اس بمباری کے نتیجے میں 40 فلسطینی جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کی طرف سے ان جارحانہ خلاف ورزیوں پر ضرور نوٹس لینا چاہئے اور اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔
وزارت کی طرف سے کہا گیا کہ مملکت اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کئے جانے کے مسلسل جرم کو مسترد کرتی ہے جو اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں تقریباً پچھلے ایک سال سے شروع کر رکھی ہے۔