تہران: (ویب ڈیسک) ماسکو اور ایران نے روس کو ہتھیار بھیجنے کی تردید کر دی۔
کریملن نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ایران نے روس کو میزائل بھیجے ہیں، ماسکو نے کہا کہ مختلف ہتھیاروں کی منتقلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
تہران نے بھی واشنگٹن کے ان الزامات کو بدصورت پراپیگنڈا قرار دے دیا، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے روس کو کوئی بیلسٹک میزائل منتقل نہیں کئے، ان کے ملک کے خلاف امریکہ اور یورپی ٹرائیکا ممالک کی طرف سے عائد کردہ پابندیاں کسی مسئلے کا حل نہیں ہیں۔
انہوں نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ "ایکس" پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک بار پھر امریکہ اور یورپی ٹرائیکا ممالک ناقص انٹیلی جنس معلومات اور غلط منطق کی بنیاد پر کارروائی کر رہے ہیں، ایران نے برطانیہ، جرمنی اور فرانس کی جانب سے عائد کردہ نئی پابندیوں کا جواب دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک بیان میں کہا کہ تین یورپی ممالک کی طرف سے اٹھائے گئے اقدام مغرب کی دشمنانہ پالیسی اور ایرانی عوام کے خلاف اقتصادی دہشت گردی کا تسلسل ہیں اور ایران کی جانب سے مناسب اور مستقل اقدامات کئے جائیں گے۔
یاد رہے امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے کہا تھا کہ روس نے ایران سے بیلسٹک میزائل حاصل کئے ہیں اور امکان ہے کہ وہ ان کو ہفتوں کے اندر یوکرین میں استعمال کرے گا، بلنکن نے انتباہ کیا تھا کہ ماسکو اور تہران کے درمیان تعاون سے یورپ کی وسیع تر سلامتی کو خطرہ ہے۔