تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل میں یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ جنگ بندی کے لیے وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین نےغزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
ریلی میں شریک مظاہرین نے اس دوران ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر یرغمالیوں کی رہائی کیلئے اور حکومت مخالف نعرے درج تھے، مظاہرین نے حکومت کے خلاف خوب نعرے بازی بھی کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی دیکھنے میں آئیں جس کے نتیجے میں 15 مظاہرین کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
واضح رہے 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیلی شہریوں کو یرغمال بنایا تھا جس کے بعد سے اسرائیل نے فلسطینیوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جاتا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں جہاں معصوم فلسطینی شہید ہورہے ہیں وہیں اسرائیلی یرغمالی بھی اپنی فورسز کے حملوں میں ہلاک ہو رہے ہیں۔