تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پیزشکیان روس کے میں ہونے والی برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سرکاری میڈیا نے ماسکو میں تہران کے سفیر کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان روس میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون پر مغرب کو تشویش ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے تصدیق کی ہے کہ پیزشکیان ابھرتی ہوئی بڑی معیشتوں کے برکس گروپ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جو 22 سے 24 اکتوبر تک روس کے شہر قازان میں منعقد ہو گا۔
کاظم جلالی نے مزید بتایا کہ پیزشکیان وہاں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے، ایران اور روس دو طرفہ جامع تعاون کے معاہدے پر دستخط کرنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے منگل کے روز کہا تھا کہ روس کو ایران سے بیلسٹک میزائل ملے ہیں اور امکان ہے کہ وہ چند ہفتوں میں یوکرین میں ان کا استعمال کرے گا، انہوں نے کہا تھا ماسکو اور تہران کے درمیان تعاون سے وسیع تر یورپی سلامتی کو خطرہ ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ، جرمنی، برطانیہ اور فرانس نے منگل کو ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں جن میں اس کی قومی ایئر لائن ایران ایئر کے خلاف اقدامات بھی شامل ہیں۔