خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی سرپرستی میں شاہ سلمان ایوارڈ برائے قرآن پاک کا اجرا

Published On 20 September,2024 01:45 am

ریاض: (ویب ڈیسک) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں شاہ سلمان ایوارڈ برائے قرآن پاک کا اجراء کر دیا گیا۔

وزارت مذہبی امور دعوت و ارشاد کے زیراہتمام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ایوارڈ برائے حفظ قرآن و تلاوت، تفسیر اور قرات کا اعلان کیا ہے، سعودی عرب کی وزارت برائے مذہبی امور کی جانب سے قرآن کریم حفظ، تلاوت و قرات اور تفسیرایوارڈ کا سال 1446ھ کے لئے 26 واں سالانہ مقابلہ ہے۔

مجموعی طور پر ایوارڈ کے لئے رقم 70 لاکھ ریال ہے جسے چھ مختلف زمروں میں تقسیم کیا جائے گا، مقابلہ قرآن کے حوالے سے طلبا کے اعزاز کی تقریب 9/2/1446  کو ریاض ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز کی موجودگی میں منعقد کی جائے گی۔

طالبات کے اعزاز کی تقریب 9/3/1446 کو منعقد ہو گی جس کی صدارت خادم حرمین شریفین کی اہلیہ شہزادی فہدہ بنت فلاح آل حثلین کریں گی۔

وزارت مذہبی امور دعوت و ارشاد کے وزیر، مقامی اور بین الاقوامی قرآن مقابلے کے جنرل سپروائزر الشیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا کتاب اللہ کی دیکھ بھال اور نوجوانوں کو قرآن پاک کی طرف متوجہ کرنے کی قابل قدر کوششوں پران کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ اس مقابلے کا انعقاد ان عظیم خدمات کے تسلسل کی ایک کڑی ہے جو مملکت کی دانشمند قیادت کی طرف سے خدا کی کتاب اور مملکت کے عوام کی دیکھ بھال میں فراہم کی گئی ہیں۔