واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر وہ نومبر میں صدارتی الیکشن ہار گئے تو وہ دوبارہ نہیں لڑیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپنی پارٹی کی جانب سے مسلسل تیسری مرتبہ صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور ممکنہ طور پر یہ ان کے آخری انتخابات ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ کملا ہیرس سے ہار گئے تو یہ ان کے آخری انتخابات ہوں گے تاہم انھیں امید ہے کہ وہ کامیاب ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ انتخابات سے قبل ہونے والے مقبولیت کے سرویز میں موجودہ امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ میں سخت مقابلے کا امکان ہے۔
موجودہ امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے صدارتی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 2020 کے صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن، ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر صدر منتخب ہوئے تھے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی شکست تسلیم نہیں کی تھی، اسی دوران 6 جنوری 2021 کو ٹرمپ کی ریلی کے بعد ٹرمپ کے حامیوں نے کیپٹل ہل پر حملہ کردیا تھا۔