تل ابیب : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج نے لبنان میں شدید حملے کیے ہیں اور بیکا وادی میں بھی شدید بمباری کرتے ہوئے حزب االلہ کے اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
قطری میڈیا رپورٹ کے مطابق لبنانی نیوزایجنسی کاکہنا ہے کہ نبیتاہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے آدھے گھنٹے کے دوران 180 سے زائد فضائی حملے کیے ہیں ، ان حملوں میں کتنا جانی ومالی نقصان ہوا ہے اس کی تفصیلات آنا ابھی باقی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں شدید بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
صہیونی فوج نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے لبنان میں شہریوں کو حزب اللہ کے ٹھکانوں کے اطراف سے نقل مکانی کا حکم دیا۔
دوسری جانب وفا نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت اللحم میں ایک لڑکی سمیت پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے، اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گاؤں سے بچوں سمیت درجنوں فلسطینیوں کو بھی حراست میں لیا ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں بسنے والے 9ہزار کے قریب فلسطینی اس وقت اسرائیلی فوج کی قید میں ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ادھر حزب اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر کئی حملے کیے ہیں، جن میں مقبوضہ لبنانی شبعا فارمز اور شمالی اسرائیل کے علاقے شامل ہیں۔
حزب اللّٰہ نے اتوار کے روز شمالی اور وسطی اسرائیل پر درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا استعمال کیا، جس میں 50 کلو میٹر جنوب کی طرف کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ان حملوں کے بعد اسرائیل نے مزید حملے کرنے کا اعلان کیا ہے اور لبنان میں شدید حملے کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ جنگ، کوئی فریق بھی جنگ بندی میں دلچسپی نہیں رکھتا : گوتریس
اسرائیل کی جانب سے بیروت میں فضائی حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب منگل اور بدھ کو حزب اللہ کے اراکین کے زیر استعمال مواصلاتی آلات (بیچرز اور واکی ٹاکی) دھماکوں میں مجموعی طور پر 37 افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے جن میں بڑی تعداد میں حزب اللہ کے کارکن بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب عراق کی مزاحمتی تنظیم نے اسرائیلی اڈے پر ایک اور ڈرون حملہ کیا ہے، ایک ڈرون نے شمالی وادی اردن میں اسرائیلی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جبکہ اسرائیلی فضائیہ نے ایک کروز میزائل کو بھی ناکارہ بنا دیا۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے عراق سے داغے گئے ڈرون کا سراغ لگایا اور ڈرون نے شام کی سمت سے اسرائیلی سرحد عبور کی جس کے بعد اس پر کئی انٹرسیپٹر میزائل داغے گئے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ میں پناہ گاہوں کے طور پر استعمال ہونے والے 2 سکولوں پر بم باری کی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 7 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے دیر البلاح میں ایک گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 5 فلسطینی شہید ہو گئے، شہداء میں ماں اور 4 بچے شامل ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کے شمالی حصے میں حماس کے خلاف محاصرے کی حکمتِ عملی پر غور کر رہے ہیں۔