تہران : (ویب ڈیسک ) ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، یہ اسرائیل ہی ہے جو ایک وسیع تنازع کو جنم دینا چاہتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر نے کہا ہے کہ اسرائیل حزب اللّٰہ کی حمایت میں ایران کو تنازع میں شامل ہونے پر اکسا رہا ہے، ایران ہر اس گروپ کا دفاع کرے گا جو اپنے حقوق اور خود کا دفاع کر رہا ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران امن سے رہنا چاہتا ہے، ہم مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کاسبب نہیں بننا چاہتے کہ اس تنازع سے نکلنا ناممکن ہو گا۔
دوسری جانب حزب اللہ کے مواصلاتی آلات پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایران میں پاسداران انقلاب نے تمام اراکین کو مواصلاتی آلات کے استعمال سے روک دیا ہے۔
حزب اللہ کے مواصلاتی آلات پر حملوں کے بعد ایران محتاط ہو گیا ہے، ایران میں موجود تمام آلات کا معائنہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لبنان پراسرائیلی زمینی حملے کی مخالفت کرتے ہیں : امریکی وزارت خارجہ
ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ صرف مواصلاتی آلات ہی نہیں بلکہ تمام آلات کا معائنہ کرنے کے لیے ایک بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ نے لبنان میں اسرائیل کے زمینی حملے کے لیے اپنی مخالفت کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ لبنان میں گزشتہ روز ملک کے مختلف علاقوں پر سیکڑوں اسرائیلی حملوں میں 492 افراد شہید ہوگئے جن میں 35 بچے بھی شامل ہیں، تقریبا ایک سال قبل سرحد کی دونوں جانب لڑائی کے آغاز کے بعد سے اب تک یہ لبنان پر ہونے والی سب سے شدید فضائی بمباری ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے باور کرایا ہے کہ ان حملوں میں شدت آئے گی اور آنے والے دنوں میں یہ جاری رہیں گے۔