نیویارک: (ویب ڈیسک ) گروپ سیون کے رکن ممالک نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں مزید جارحیت سے کسی ملک کا فائدہ نہیں ہو گا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ مؤقف گزشتہ روز نیویارک میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران میں سامنے آیا جس میں گروپ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اقدامات اور جوابی ردعمل کے نتیجے میں تشدد کا یہ خطرناک گول چکر بڑھ سکتا ہے ، یہ پورے مشرق وسطی کو ایک وسیع تر علاقائی تصادم کی طرف لے جا سکتا ہے جس کے نتائج کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے بیان میں زور دیا گیا کہ اس حالیہ تباہ کن چکر کو روک دیا جائے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پیر کے روز لبنان کے جنوبی اور مشرقی حصے میں شہریوں کے بھاری جانی نقصان پر "گہری تشویش" کا اظہار کیا ہے۔
دریں اثنا چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے لبنانی ہم منصب عبداللہ بو حبیب سے کہا ہے کہ لبنان کے امن اور خود مختاری کے حوالے سے چین اس کی حمایت کرتا ہے اور وسیع پیمانے پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد ان خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے اہداف پر سیکڑوں اسرائیلی فضائی حملوں میں 400 سے زائد افراد شہید جبکہ 1700 کے قریب زخمی ہوئے ہیں جن میں 35 بچے بھی شامل ہیں۔
یہ غزہ کی جنگ کے تناظر میں تقریبا ایک برس قبل سرحد کی دونوں جانب لڑائی کے آغاز کے بعد سے اب تک کی شدید ترین اسرائیلی فضائی بمباری ہے۔