تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہاکہ اسرائیل کے کسی بھی مجرمانہ اقدام پر خاموش نہیں رہیں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل اور ایرانی پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم مضبوطی اور پوری قوت سے جواب دیں گے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ اس طریقے سے کام کریں گے جس سے دشمن پچھتائے گا، انہوں نے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن وہ اس سے خوفزدہ نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ ایران لبنانی حکام کے ساتھ معاملات کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے بھی زور دے کر کہا کہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ اور لبنان میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عباس نیلفروشان کے قتل نے ایک ایسے واقعہ کو جنم دیا ہے جو اسلامی دنیا میں تاریخی تبدیلی پر منتج ہوگا۔
میجر جنرل حسین سلامی نے صوبہ اصفہان میں بریگیڈیئر جنرل نیلفرشاں کے گھر سے جاری بیان میں کہا کہ حسن نصراللہ اور بریگیڈیئر جنرل نیلفروشان کا خون بہت قیمتی ہے اور ہم ان شہداء کے راستے پر گامزن ہیں۔