یروشلم : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کاکہنا ہے کہ مشرق وسطی میں ایسی کوئی جگہ نہیں جو اسرائیلی دسترس سے باہر ہو۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کو مخاطب کرنے کے انداز میں پورے مشرق وسطیٰ کو ایک بار پھر باور کرانے کی کوشش کی ہے ، اس سے پہلے یہ بات نیتن یاہو نے اقوم متحدہ کے سامنے جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہی تھی۔
نیتن یاہو جن کا ملک ایران کے اندر اور باہر ایرانی شخصیات اور ٹھکانوں کو نشانہ بنا چکا ہے اب انہوں نے ایک خصوصی ویڈیو پیغام کے ذریعے بظاہر اہل ایران کو مخاطب کیا ہےکہ ایرانی حکومت انہیں کھائی کے قریب لا رہی ہے۔
نیتن یاہو نے یہ بھی کہا ہے کہ ایرانی حکومت اپنےعوام کو ہر آنے والے لمحے میں انتہائی پستی کی طرف لے جارہی ہے لیکن پتہ ہونا چاہیے کہ اب کوئی بھی جگہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی پہنچ سے باہر نہیں ہے۔
نیتن یاہو نے مزید کہا ایرانی حکومت ان کے خطے کو تاریکی اور جنگی تباہی کی طرف لے جانا چاہتی ہے ۔
واضح رہے کہ ان دنوں اسرائیلی فوج ہر طرف بمباری کے زور پر تباہی پھیلا رہی ہے، غزہ کے بعد لبنان، شام وغیرہ میں اس نے بظاہر کامیابی حاصل کرنے میں پیش رفت کی ہے۔
لبنان میں حسن نصراللہ کے ساتھ قدس کے اعلیٰ کمانڈر علی نیلفروشان کے قتل کے بعد ایران نے کہا ہے قدس کمانڈر کے قتل کا اسرائیل سے بدلہ لیا جائے گا۔
ادھر نیتن یاہو نے اپنے ویڈیو خطاب میں امید ظاہر کی کہ ایرانی عوام جلد مکمل آزادی حاصل کر سکیں گے، نیتن یاہو کے بقول وہ دن دور نہیں ہیں جب اسرائیل اور ایران دونوں باہم امن سے رہ سکیں گے۔
نیتن یاہو کے اس ویڈیو بیان سے کچھ ہی دیر پہلے ایرانی ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ ایران اپنے جنگجوؤں کو اسرائیل کے ساتھ براہ راست لڑنے کے لیے بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتا ہے، ایران کے مطابق ایسی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ جنگجوؤں کی اضافی نفری کو غزہ یا لبنان میں ایران بھیجے کیونکہ وہاں افرادی قوت کا کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے۔