قطر: (ویب ڈیسک ) خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل جاسم محمد البديوی نے خطے میں تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق خلیجی ممالک کے وزرا کے ہنگامی اجلاس کے اختتام پر البدیوی نے باور کرایا کہ اس نازک مرحلے پر کونسل لبنان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان میں تمام فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور لبنان کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قرار داد 1701 اور طائف معاہدے کے نتائج پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔
خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت کو بھی باور کرایا۔
خلیج تعاون کونسل کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب مشرق وسطیٰ کا خطہ ایک وسیع جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے منگل کے روز اسرائیل پر 200 میزائل داغے تھے، یہ ایران کا اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے، اس کارروائی نے اسرائیل اور امریکا کو ایران کیخلاف بھرپور جواب کی دھمکی دینے پر مجبور کر دیا۔