خطے میں کشیدگی وسیع کرنا امریکا اور یورپ کے مفاد میں نہیں: پزشکیان

Published On 03 October,2024 08:55 am

قطر: (ویب ڈیسک ) ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے، خطے میں کشیدگی وسیع کرنا امریکا اور یورپ کے مفاد میں نہیں۔

ایرانی صدر نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ اور خوں ریزی کا خواہاں نہیں، اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی کوشش کی تو ایران کا جواب زیادہ سخت اور طاقتور ہوگا۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے معزز مہمان کو شہید کرکے کشیدگی کا آغاز کیا، اسرائیل خطے میں کشیدگی کا دائرہ وسیع کرنا چاہتا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی وسیع کرنا امریکا اور یورپ کے مفاد میں نہیں، یورپی ممالک اور امریکا اسرائیل کے بڑھتے جرائم کو رُکوائیں۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی حمایت سے انکار کردیا۔

امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر واضح کردیا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی حمایت نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے منگل کو اسرائیل پر 200 میزائل داغے جانے کے بعد مشرق وسطیٰ کا خطہ مکمل جنگ کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔، ایران نے اسرائیل پر اپنا اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا تو اسرائیل اور واشنگٹن نے تہران کو سخت جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔