روم: (ویب ڈیسک) اٹلی نے اسرائیل کے اقوام متحدہ کے امن مشن پر حملے ناقابل قبول قرار دے دیئے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اطالوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اٹلی کی وزیراعظم جیورجیا میلونی نے اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کو پیغام دیا ہے کہ لبنان میں اقوام متحدہ کے پیس کیپرز پر حملہ ناقابل قبول ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے نیتن یاہو سے بات کی اور مطالبہ کیا کہ وہ لبنان پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1701 پر مکمل طور پر عمل درآمد کریں۔
اٹلی کی وزیراعظم نے اسرائیلی ہم منصب پر زور دیا کہ خطے میں تنازع کو ہنگامی بنیاد پر روکنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اقوام متحدہ کی فورس کو نشانہ بنایا تھا اور اس کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے 13 سے زائد اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ اٹلی اقوام متحدہ کا مشن جو یو این آئی ایف آئی ایل کے نام سے مشہور ہے، کے لیے تعاون کرنے والے اہم ممالک میں سے ایک ہے۔