نیویارک : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) امریکی محکمہ انصاف نے سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی ناکام سازش کے الزام میں بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے اہلکار وکاش یادیو پر فرد جرم عائد کردی۔
39 سالہ وکاش یادیو منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے، اس حوالے سے گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ وکاش یادیو کو احکامات بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے دیے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی اٹارنی ڈیمیئن ویلیمز نے کہا کہ امریکی شہری کو امریکی سرزمین پر قتل کرنے کی ناکام سازش پر پچھلے سال انڈین امریکن نکھل گپتا پر الزام عائد کیا گیا تھا مگر وہ تنہا نہیں تھا۔
امریکی اٹارنی کے مطابق بھارتی حکومت کے ملازم وکاش یادیو نے سازش کا منصوبہ بھارت میں بیٹھ کر بنایا تھا، اسی نے گپتا کو احکامات دیے تھے کہ پنوں کو قتل کرنے کے لیے اجرتی قاتل بھرتی کیا جائے۔
واضح رہے کہ چیک ریپبلک سے گرفتار نکھل گپتا پر پہلے ہی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔