اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ، سعودی عرب کی مذمت

Published On 26 October,2024 12:26 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے اسرائیل کی جانب سے علی الصبح ایران پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایرانی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ " ایران کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں ، یہ حملہ "ایرانی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی ہے۔"

سعودی عرب نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے کام کریں اور خطے میں طویل فوجی تصادم کے سنگین نتائج سے خبردار کر دیا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے اندر تقریباً 20 اہداف پر حملے کیے ہیں، اس حملےمیں 100 سے زیادہ طیاروں اور ڈرون شامل تھے جنہوں نےمیزائلوں کی تیاری کی تنصیبات، دفاعی نظام اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی نظام متحرک ہے کسی بھی حملے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ، حملے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملوں کا جواب ہے، ایران میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ، امریکا نے اسرائیل میں تھاڈ میزائل اور مشرق وسطیٰ میں ایف 16 طیارے بھیجے تھے، اسرائیلی وزیراعظم نے کنٹرول روم سے تمام صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس بارے میں  ایرانی فضائی دفاع کا کہنا ہے کہ نقصان محدود تھا، جبکہ اس کے فضائی دفاع کے نظام نے اسرائیلی حملے کو ناکام بنانے میں کامیابی حاصل کی، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے فوج کواسرائیل کےساتھ ممکنہ جنگ کیلئے تیار رہنےکاحکم بھی دے رکھا ہے۔